پی ٹی آئی کی مالی معاونت کرنے والے افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

Published On 22 March,2023 09:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مالی معاونت کرنے والے تمام افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مالی معاونت کرنے والوں کی فہرست تیارکر لی گئی ہے، فنانسرز کو پہلے وارننگ جاری کی گئی تھی، اب گرفتاریاں کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ابتدائی طور پر پی ٹی آئی کی مالی معاونت کرنے والے 21 افراد کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اتحادیوں کے حالیہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہو گا، اس اجلاس کے دوران ریاستی عملدراری یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ ہوں گے۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ پولیس، رینجرز پر عمران خان کے حکم پر حملوں اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، حکمران اتحاد کی طرف سے بتایا گیا کہ پولیس اور رینجرز عدالتی احکامات پر عملدرآمد کر رہے تھے۔

اعلامیہ کے مطابق کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ جتھوں کے ذریعے ریاستی اداروں و اہلکاروں پر لشکر کشی انتہائی تشویشناک ہے، یہ ریاست دشمنی ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا، تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ 

Advertisement