لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی مشروط اجازت مل گئی، جس کا ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف سے حلف لینے کے بعد مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اجازت نامے کے مطابق جلسہ کی انتظامیہ سٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی اور متعلقہ علاقہ میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، عدلیہ اور اداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔
اجازت نامے کے مطابق سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں گے، ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کیساتھ مکمل تعاون کریں گے، جلسہ کے دوران پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو انتخابی نشان الاٹ نہ کرنے کے استدعا مسترد کر دی
جلسے کیلئے ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کی جائے گی، پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، پی ٹی آئی ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہ ہوگی، جلسہ میں کارکنوں اور تمام متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے۔
اجازت نامے کے مطابق جلسہ کے دوران کسی کے بھی جذبات احساسات مجروح نہیں کیے جائیں گے اور کسی بھی جگہ کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، شامل ہونے والے افراد کیلئے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔
جلسہ کیلئے دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکاء لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے، انتظامیہ مینار پاکستان گراؤنڈ کی تمام شرائط بشمول فیس ادائیگی کرے گی، جلسہ روٹ پر کسی بھی طرح کی وال چیکنگ نہیں ہوگی، زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔