کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں توسیع کردی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس روزی خان بڑیچ نے عمران خان کے خلاف کوئٹہ میں درج ایف آئی آر خارج کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی، درخواست پی ٹی آئی کے انصاف لائرز فورم کے آرگنائزر اقبال شاہ نے دائر کی تھی۔
درخواست گزار نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کیس بے بنیاد ہے، وقوعہ بھی یہاں نہیں ہوا جب کہ ایف آئی آر کے اندراج میں قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے۔
دوران سماعت عدالت نے حکم دیا کہ اس جرم کے تحت جتنے مقدمات درج ہیں سب کا ریکارڈ پیش کیا جائے۔
اس کے علاوہ عدالت نے آئندہ سماعت تک عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں توسیع کردی اور درخواست پر مزید سماعت ملتوی کردی۔
کیس کا پس منظر
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ بجلی روڈ میں ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا مقدمہ درج ہے، اس مقدمے میں عدالت نے عمران خان کے وارنٹ جاری کیے تھے جس کی تعمیل کے لیے کوئٹہ پولیس لاہور پہنچی تھی تاہم بلوچستان ہائیکورٹ نے وارنٹ کو دو ہفتے تک معطل کرتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری روک دی تھی۔