اسلا آباد: (دنیا نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کے سلسلہ میں وزارت خارجہ نے دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 4 سے 5 مئی تک ہو گا، اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ذریعے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا باضابطہ دعوت نامہ پہنچایا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق بھارت نے گزشتہ سال ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھالی تھی، پاکستان،چین، بھارت، روس، ازبکستان، تاجکستان، ایران، قازقستان اور کرغزستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم نو ممالک پر مشتمل ہے۔
رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم کو اہم فورم تصور کیا جاتا ہے، وزارت خارجہ نے سٹیک ہولڈرز سے وزیر خارجہ کے بھارت جانے یا شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں ورچوئل شرکت پر رائے طلب کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی بیداری کی جدوجہد جاری رکھوں گا، بلاول بھٹو
وزارت خارجہ ذرائع کے مطابق پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے دوست ملک چین کو بھی اعتماد میں لینے پر غور کر رہا ہے۔