محسن نقوی کی گلشن راوی آمد، ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کے سرجیکل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Published On 22 March,2023 07:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گلشن راوی میں ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کے سرجیکل ٹاور کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اینٹ لگا کر سرجیکل ٹاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا، جس کے بعد انہوں نے ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کا دورہ کیا، ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے تھیلے سیمیا سینٹر دورہ کے دوران زیر علاج بچوں کو تحائف دئیے اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا، انہوں نے تھیلے سیمیا اور ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لیبز اور بلڈ انفیوژن سینٹر کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ایک عبادت سے کم نہیں، دوسروں کا دکھ بانٹنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں، ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال معصوم بچوں کو زندگی کی طرف واپس لانے کا نیک کام کر رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بھی اس نیک کام میں اپنا حصہ ڈالے گی، اس موقع پر بانی ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال مدثر محمود، چیئرمین عبدالرشید اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

Advertisement