محسن نقوی کے مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سیل پوائنٹس کے اچانک دورے

Published On 22 March,2023 08:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے لاہور کے مختلف سیل پوائنٹس کے اچانک دورے کئے۔

محسن نقوی نے ٹیمپل روڈ پر مفت آٹے کے سیل پوائنٹ اور مزنگ اڈہ پر یوٹیلٹی سٹور کا وزٹ کیا، ٹیمپل روڈ کے سیل پوائنٹ پر مرد و خواتین نے انتظار کرانے کی شکایات کیں اور بعض شہریوں نے شناختی کارڈز کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں مسائل بیان کئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیل پوائنٹ پر موجود شہریوں سے انتظامات کے حوالے سے استفسار کیا، شہریوں نے موبائل پر اہلیت کا پیغام موصول ہونے کے باوجود شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کی شکایات کیں۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی گلشن راوی آمد، ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کے سرجیکل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

محسن نقوی نے اپنی نگرانی میں شناختی کارڈز سکین کرائے اور عملے کو پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کے لئے اپنے سٹاف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیل پوائنٹس پر شہریوں کے لئے ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایشوز آ رہے ہیں لیکن انہیں حل بھی کیا جا رہا ہے، شناختی کارڈز کی تصدیق کے مسئلے کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور نادرا کی مدد سے حل کیا جا رہا ہے، سیل پوائنٹ پر آنے والے تمام اہل شہریوں کو مفت آٹا ملنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے قبرستانوں میں تدفین کی فیس میں کمی

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی و پنجاب حکومت کا یہ تاریخ ساز پیکیج ہے، مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہا ہوں، انہوں نے آٹے کی فراہمی کے لئے انتظامات اور آٹے کی تقسیم کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یوٹیلٹی سٹور پر بھی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔

Advertisement