لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے رانا ثناء اللہ کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ ایک قاتل انسان ہے جو ملک میں سکون نہیں آنے دے گا۔
میاں اسلم قبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ملک میں اس وقت قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، انہوں نے 25 مئی کی طرح نیا تماشہ شروع کر دیا ہے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہمارے 2 ہزار سے زائد ورکرز کو اٹھا لیا گیا ہے، حسان نیازی کو صرف پریشان کرنے کیلئے پورے پاکستان کی سیر کروا رہے ہیں، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ وزیر داخلہ قاتل انسان ہے، رانا ثناء اللہ پاکستان میں سکون نہیں آنے دے گا۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ آج ہماری ریاست کے اندر حکمران ماں کا نہیں ڈائن کا رول ادا کر رہے ہیں، جب لالچی لوگ حکومت میں بیٹھے ہوں تو اسی طرح کے رزلٹ آیا کرتے ہیں، توجہ ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی قیادت پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، مہنگائی کے باعث لوگ فاقہ کشی اور خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، مہنگائی 3 گنا زیاہ ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے بارے جو بیان دیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، پوری دنیا عمران خان پر اعتماد کرتی ہے، یہ اپنے لیڈروں کے جوتے چاٹنے کی خاطر اس طرح کے بیان دے رہے ہیں، نوازشریف، زرداری، مریم کے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان یہاں پہنچا ہے، آج ان کو کوئی منہ نہیں لگا رہا۔
میاں اسلم اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ان کا سب کچھ ملک سے باہر ہے، یہ پاکستان میں صرف عیاشی کیلئے اور بادشاہ بننے آتے ہیں، یہ کہتے ہیں عمران خان کے وجود کو ختم کریں گے، مریم روز نکل کر چھوٹی چھوٹی جلسیاں کرتی ہیں، یہ بند گلیوں میں نہیں مینار پاکستان میں جلسہ کریں، الیکشن 30 تاریخ کو ہونے جا رہے ہیں، تمہیں تمہاری مقبولیت کا پتا لگ جائے گا۔