لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور اسد عمر کی عبوری ضمانت مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال زبیر خان نیازی عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان شامل تفتیش ہوگئے ہیں، تفتیشی افسر نے جواب دیا یہ شامل تفتیش نہیں ہوئے، ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ان مقدمات پر جے آئی ٹی بن گئی ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی جے آئی ٹی بنی ہی نہیں آپ جائیں اور جا کر شامل تفتیش ہوں۔
عدالت نے زبیر خان نیازی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اسلم اقبال سمیت دیگر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا جبکہ عدم پیروی کی بنیاد پر فرخ حبیب اور اسد عمر کی عبوری ضمانت مسترد کر دی اور دیگر شریک تین ملزمان کی عبوری ضمانت میں 7 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی جانب سے حاضری معافی کی دائر درخواست بھی خارج کر دی۔
یاد رہے پی ٹی آئی رہنماؤں پر پولیس نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ تھانہ شاد مان میں درج کر رکھا ہے۔