اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے متنازع ٹویٹس کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
سپیشل جج سینٹرل اعظم خان کی عدالت میں پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی پیش ہوئے جنہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اعظم سواتی آج اگر پیش نہیں ہوتے تو ان کے وارنٹِ گرفتاری نکالے جائیں۔
جج نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی اوقات کے اندر اعظم سواتی کی حاضری کا انتظار کر لیتے ہیں۔
اعظم سواتی کی جانب سے وکیل سہیل خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے جنہوں نے اپنے مؤکل کی جانب سے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔
اعظم سواتی کے وکیل سہیل خان نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی کل تک اسلام آباد میں تھے، آج خاندان میں فوتگی کے باعث انہیں گاؤں جانا پڑا ہے۔
عدالت نے اعظم سواتی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی اور متنازع ٹویٹس کیس کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔