پشاور: (دنیا نیوز) مالی مسائل سے دوچار خیبرپختونخوا کے نگران وزراء کی شاہ خرچیاں جاری ہیں، سرکاری گاڑیوں کا بے دریغ استعمال کرنے لگے۔
مالی مشکلات کے باوجود کابینہ کے 17 اراکین 62 سرکاری گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں، 8 گاڑیاں مشیر برائے تعلیم رحمت سلام خٹک کے زیر استعمال ہیں جبکہ وزیر زراعت عبدالحلیم قصوریہ اور وزیر ایکسائز منظورآفریدی بھی 6، 6 گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں، وزیر آب پاشی حامد شاہ کو 5 ، وزیر صنعت عدنان جلیل اور وزیر مواصلات محمد علی شاہ کو 4، 4 گاڑیاں ملی ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نگران وزراء ساول نذیر، مسعود شاہ، معاون خصوصی سلمہ بیگم کے زیر استعمال بھی 4، 4 گاڑیاں ہیں، نگران وزراء ارشاد قیصر، شاہد خٹک، غفران، بخت نواز، جرار حسین 2، 2 گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں جبکہ مشیر صحت عابد جمیل اور مشیر سیاحت ظفر محمود کے بھی 2، 2 گاڑیاں زیر استعمال ہیں، معاونین خصوصی شیراز باچا، پیر ہارون شاہ اور مہر الہٰی نے سرکاری گاڑیاں لینے سے انکار کیا ہوا ہے۔