لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی سیشن عدالت نے پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف (ظل شاہ) کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چودھری، فرخ حبیب، یاسمین راشد اور محمود الرشید کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج لاہور محسن بلال بیگ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری درخواست پر سماعت کی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید عدالت پیش ہوئے جبکہ فواد چودھری اور فرخ حبیب کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ مدثر عمر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس آفیسر پیش نہیں ہوئے، ابھی تک پولیس کی جانب سے تحقیقات مکمل نہیں کی گئیں۔
عدالت نے فواد چودھری اور فرخ حبیب کی حاضری معافی درخواست منظور کر لی، بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چودھری، فرخ حبیب، یاسمین راشد اور محمود الرشید کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع کے احکامات جاری کر دیئے۔
یاد رہے کہ پولیس کی جانب سے درج مقدمے کے مطابق علی بلال کا دوسرا مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج کیا گیا، پہلے کیس کے تفتیشی افسر مدعی ہیں، پولیس نے علی بلال کو ہسپتال منتقل کرنے والے ملزمان کے بیان پر مقدمہ درج کیا۔
دوسری جانب ظل شاہ کو ہسپتال لانے والے ویگو ڈالے کے مالک شکیل زمان نے بھی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی، عدالت نے 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 13 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی ہے۔