لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری محمد سرور اور چودھری شافع حسین کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب کے اضلاع میں پارٹی آرگنائزر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کو ضلعی سطح پر مزید مضبوط اور منظم کیا جائے گا، شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت اور خدمت کی سیاست کو دیکھ کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا، وہ واحد شخصیت ہیں جن کی عزت و احترام تمام سیاسی جماعتیں کرتی ہیں۔
چودھری شافع حسین نے کہا کہ شجاعت حسین کی قیادت میں مسلم لیگ سیاسی عدم برداشت کو ختم کرانے میں کردار ادا کر سکتی ہے، ان کی خواہش ہے کہ ملک میں جاری کشیدگی ختم کی جائے، ملکی ترقی اور معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر اقدام کئے جائیں۔