اسلام آباد: (دنیا نیوز) معروف قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف مفرور اور سزا یافتہ ہیں، وہ عدالت کو دھوکہ دے کر چار سال سے لندن بیٹھا ہے، دنیا میں نواز شریف جیسی سہولیات کسی کو نہیں ملیں۔
رول آف لاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ نگران حکومت کی مدت 90 دن تک ہے، ان کی خواہش ہے الیکشن 90 دن کے اندر نہ ہوں، اسحاق ڈار کے زیادہ اثاثے ڈالر میں ہیں، ڈالر اوپر جاتا ہے تو اسحاق ڈار اوپر اور پاکستان نیچے جاتا ہے۔
انہوں نے کہا نواز شریف اسی فلیٹ میں رہتے ہیں اور یہ قوم کو بیوقوف سمجھتے ہیں، 1997 میں نواز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، آصف زرداری، بےنظیر کو کتنی سزائیں دلوانی ہیں اس حوالے سے شہباز شریف کی ٹیپ موجود ہے، شہباز شریف نے آج تک جسٹس (ر) قیوم سے گفتگو کی تردید نہیں کی۔
سینیٹر اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ نگران حکومتوں کا کام 90 دن میں الیکشن کرانا ہے، آئین کہتا ہے الیکشن 90 روز سے آگے نہیں جا سکتے، موجودہ حکومت کی خواہش ہے کہ الیکشن کی تاریخ بڑھائی جائے، چیف جسٹس عمرعطا بندیال ڈٹ کر کھڑے ہیں، قوم بھی چیف جسٹس عمرعطا بندیال کے ساتھ ہے۔