لاہور: (دنیا نیوز) برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
زمان پارک میں ہونے والے ملاقات میں ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر اور سیاسی مشیر طلال رضا بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ و استحکام، دستور کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر تحریک انصاف کے ویژن پر بھی بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس: عمران خان اور اہلیہ کی نیب نوٹسز کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
ملاقات میں پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی سطح پر اس کے خلاف پائی جانے والی تشویش کا جائزہ بھی لیا گیا، اس دوران عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی تحریک انصاف کے سیاسی ایجنڈے کے کلیدی نکات ہیں، جمہوریت کی بنیاد انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ پر استوار ہے۔
قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش کی زمان پارک آمد
— PTI (@PTIofficial) April 3, 2023
قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر اور سیاسی مشیر طلال رضا بھی ہمراہ
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات
دوطرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال
پاکستان میں جمہوریت کے فروغ و… pic.twitter.com/aI5uzoicZo
سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف عوامی رائے کی بنیاد پر سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور بحرانوں کا حل نکالنے پر یقین رکھتی ہے، دستورِ مملکت انتخاب کے آزادانہ و شفاف انتخاب کی مدت طے کرتا ہے، مقتدر گروہ عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔
عمران خان نے کہا اظہار و خیال سے لیکر جان و شخصی وقار کے حق تک کو بے دردی سے پامال کیا گیا، سیاسی آزادیوں اور حقوق پر پیہم حملوں سے پوری دستوری سکیم کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، چاہتے ہیں کہ عالمی برادری جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے اپنی آواز بلند کرے، برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی جانب سے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔