چیف جسٹس فیصلہ سنائیں ہم دیکھیں گے کون اسے نہیں مانتا: فواد چودھری

Published On 03 April,2023 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اپنا فیصلہ سنائیں ہم دیکھیں گے کون فیصلہ نہیں مانتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پورا پاکستان چیف جسٹس کے پیچھے کھڑا ہے، حکومت کی کوئی حیثیت نہیں، یہ اس وقت کہیں باہر نہیں نکل سکتے، جس پارلیمنٹ میں راجہ ریاض اپوزیشن لیڈر ہو اس پارلیمنٹ کو کون مانے گا؟، یہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی نہیں کر رہی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کیس تحمل سے سننے پر چیف جسٹس اور بینچ کا شکریہ: تحریک انصاف

فواد چودھری نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ نیا الیکشن چاہتے ہیں، ہم تو عام انتخابات کی طرف جانا چاہتے ہیں چلیں خیبرپختونخوا، پنجاب میں ہی کرائیں، ملک کو بنانا ری پبلک بنا دیا گیا ہے، ہمیں اسی طرح ڈٹ کر رہنا ہے جیت ہماری ہو گی، جب سے شہباز شریف وزیر اعظم بنا ایسا لگتا ہے اس ملک کو برائیوں نے گھیر لیا، جس حکومت کے پاس ووٹ کے ذریعے اختیار نہیں وہ حکومت نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے التواء سے متعلق مواد نہیں دیا: چیف جسٹس، انتخابات کیس کا فیصلہ محفوظ

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، آج وکلا کو ہی سپریم کورٹ جانے سے روکا جا رہا تھا، آج سارے وکلا نے آئین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، وکلا کا اظہار یکجہتی کرنا ثابت کرتا ہے آئین کے رکھوالے موجود ہیں، ایسے لوگ پنجاب، خیبرپختونخوا میں وزیر بن گئے جن کو کوئی نہیں جانتا۔
 

Advertisement