اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، واضح پوزیشن لی گئی ہے کہ ملک میں الگ الگ الیکشن ہوئے تو ہیجانی کیفیت پیدا ہو گی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ صورتحال متنازع ہوتی جا رہی ہے، 3 فریقوں نے عدم اعتماد کر دیا ہے، اس کیس میں ہمیں فریق نہیں بننے دیا گیا صرف ایک پارٹی کو فریق بنایا گیا، اقلیتی بینچ اب اکثریت میں تبدیل ہو کر فیصلے کر رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے مزید کہا ہے کہ جن چار ججز نے اتفاق نہیں کیا وہ الگ ہو گئے ہیں، الیکشن کمیشن کا کام صاف اور شفاف الیکشن کرانا ہے لیکن اس پر ازخود نوٹس ہو گیا ہے، کوئی نہیں چاہتا کہ جمہوریت اور آئین کے حوالے سے عدالتیں متنازع ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی کارروائیوں کا حصہ نہیں ہوں گے تو سنیں گے کیسے، اس معاملے میں صرف ایک پارٹی کو فریق بنا یا گیا، بار بار سیاسی جماعتوں کی طرف سے فریق بننے کی درخواست کی گئی لیکن وہ منظور نہیں ہوئی، اتحادی جماعتیں ہر مرحلے پر مشاورت کرتی ہیں۔