اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے قانون اور آئین پر عمل درآمد کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں نہ کہ اور مسائل پیدا کریں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کی جارہی ہے، آئین اور قانون کے مطابق ملک کے مسائل کا حل نکالا جائے، ہر جانب سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ عدالت عظمیٰ اس معاملے پر فل کورٹ بنائے، عدالتی فیصلہ اپنے اثرات چھوڑے گا، ماضی میں بھی عدالتوں کے پاس سیاسی اور دیگر مقدمات پہنچے تھے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج پاکستان سیاسی، معاشی اور دیگر چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اس میں عدالتی چیلنج کا بھی سامنا ہے، ملک میں ایک ہیجان پیدا کر دیا گیا ہے، اس میں صرف جذبات کو سنا جاتا ہے، عقل پیچھے رہ جاتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہیجان اور جذباتی کیفیت سے باہر نکل کر سانس لیں اور حالات کا تجزیہ کریں۔
قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ فیصلے عدالتوں نے ہی کرنے ہیں، اس وقت وکلا، سیاسی جماعتوں، میڈیا اور عدالت کے اندر جج صاحبان کی طرف سے بھی مطالبہ ہے کہ اس معاملے پر فل کورٹ بنایا جائے، ہمیں روز کہا جاتا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جائے، سیاسی جماعتیں بڑی تعداد میں اکٹھی ہیں، مشاورت سے فیصلے ہو رہے ہیں اسی طرح جو ساتھ نہیں بیٹھ رہے ان کی بات کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ ہمیں پائیدار امن کی طرف جانا ہوگا، عدالت کا ماحول اور فیصلہ مستقبل کا فیصلہ کرے گا، ہماری پارٹی کے سربراہ نے بھی بات چیت آگے بڑھانے کی بات کی ہے۔