بیجنگ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے بیرون ملک پاکستانی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، معیشت کی بحالی کیلئے حکومت نے اصلاحاتی اقدامات شروع کئے ہیں۔
چین میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ مذاکراتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے اقتصادی بحالی کے حوالے سے جو ایجنڈا شروع کیا ہے اس میں اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے، پاکستان اور چین سی پیک کی صنعتی، تجارت، صحت، ڈیجیٹل اور گرین کوریڈورز کے ذریعے اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کے دیگر ممالک سے پیچھے رہنے کی بنیادی وجہ سیاسی عدم استحکام اور معاشی پالیسیوں میں عدم تسلسل ہے، اقتصادی پالیسیوں کو منافع دینے کیلئے کم از کم ایک دہائی کے تسلسل کی ضرورت ہوتی ہے، 2018 میں سی پیک پاکستان کا عالمی برانڈ بن گیا تھا اور پوری دنیا نے پاکستان کو سرمایہ کاری کی ایک پرکشش منزل کے طور پر دیکھنا شروع کر دیا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بدقسمتی سے 2018 کے بعد نئی حکومت نے سی پیک کو متنازعہ بنا دیا جس کے نتیجے میں رفتار ختم ہونے سے پاکستان کی معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچا، حکومت پرانی رفتار کو بحال کر رہی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، بیرون ملک پاکستانی مشنز کو پاکستانی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔