اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم ترین دن ہے کیونکہ عدالت عظمیٰ نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا، سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین کا تقدس بحال ہوگیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان قوم کو فخر ہے کہ آج بھی آئین اور ضمیر سے فیصلے کرنے والے زندہ ہیں، جمہوری قوتوں، آئینی قوتوں اور غیر جمہوری اور غیر آئینی قوتوں کا فرق آج واضح ہو گیا، ملک بھر کے کالے کوٹ والے وکلاء کو آئین کی بالادستی کیلئے نکلنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری الیکشن کمیشن سے گزارش ہوگی کہ آج تو آزاد ہوگئے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اب آپ کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں، تمام سیاسی جماعتیں ایسا ماحول پیدا کریں جس سے صاف اور شفاف انتخابات ممکن ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تمام کارکنان اور تنظیموں کو کہتا ہوں ملک بھر میں پھیل جائیں اور الیکشن کی تیاری کریں، تحریک انصاف کے ورکرز تیار ہو جاؤ آپ نے عمران خان کو دوسری بار وزیراعظم بنانا ہے، پنجاب اور پورے پاکستان میں عمران خان کی حکومت ہوگی، بھٹو کا نواسہ آج مارشل لاء کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
بیرسٹر علی ظفر
اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عدالت کے فیصلے سے پوری قوم کو بڑی خوشخبری ملی ہے، آئینی فیصلہ آج عدالت سے آیا ہے اور عدالت نے الیکشن کی تاریخ کو کالعدم قرار دیا ہے، حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کریں۔
علی ظفر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے انتخابات پر فی الحال کوئی آرڈر نہیں، عدالت نے فی الحال پنجاب کے حوالے سے تاریخ پر فیصلہ دیا گیا ہے۔