لاہور: (دنیا نیوز) جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر تشدد کیس میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ کو بے گناہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جج عبہر گل خان نے عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کو بیگناہ قرار دے دیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزمان کی گرفتاری پولیس کو مطلوب نہیں ہے، تفتیشی افسر کی رپورٹ کے بعد مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ نے عبوری ضمانت کی درخواست واپس لے لی، انسداد دہشت گری عدالت نے واپس لینے کی بنیاد پر درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کی پی ٹی آئی رہنماؤں مسرت جمشید چیمہ اور ان کے خاوند جمشید اقبال چیمہ کیخلاف تین مقدمات درج تھے۔
دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور کارسرکار میں مداخلت کے کیس کی سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری اور حماد اظہر عبوری ضمانت میں عدالت پیش نہیں ہوئے، عدالت نے عدم پیروی پر دونوں کی عبوری ضمانت خارج کردی۔