لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن کی تاریخ سے متعلق دیئے گئے فیصلے پر پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے، دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنان نے آج جشن منانے کا اعلان کر دیا۔
رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے انعقاد کو بنیادی آئینی ضرورت قرار دیا ہے، الیکشن کمیشن کو بنیادی آئینی حق بدلنے کا کوئی اختیار نہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف اور عوام کی بڑی فتح ہے، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آئین قانون کی جیت ہے، سپریم کورٹ کے تاریخ ساز فیصلے پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، الیکشن سے بھاگنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
حماد اظہر
رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئین کو بحال کر دیا اور جمہوریت کو بچا لیا، قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اس فیصلے کے علاوہ کوئی اور فیصلہ ممکن بھی نہ تھا۔
حماد اظہر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں میدان سے بھاگتی نہیں، پی ڈی ایم بھی جمہوری عمل کا حصہ بنیں، یہ جمہوریت اور آئین کی فتح ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے حامی وکلا کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر جشن منایا گیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے، زمان پارک میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
جشن منانے کا اعلان
عدالتی فیصلہ اپنے حق میں آنے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے آج رات افطاری کے بعد گرینڈ جشن منانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔