حیدر آباد: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ 44 سال بعد بھی بھٹو خاندان کے افراد اور عوام پوچھتے ہیں کہ کیا مجبوریاں ہیں جو قتل کے ریفرنس پر فیصلہ نہیں کیا جاتا۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آج 44 ویں برسی ہے اس پر پوری 22 کروڑ عوام کی نظریں سپریم کورٹ کی طرف ہیں اور انصاف کی منتظر ہیں، آصف زرداری نے ریفرنس بھیجا تھا کہ جو ذوالفقار علی بھٹو کا فیصلہ کیا اس نے عدلیہ پر سوالیہ نشان چھوڑا ہے وہ فیصلہ سیاہ باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس عمران نیازی کو پیمپر کرنے کیلئے رات میں عدالتیں کھولنے وقت ہے، عمران نیازی کو بچانے کیلئے، اسکے جائز و ناجائز بچوں کو چھپانے کیلئے، اس کو بینک ڈکیتیوں، بھارت و اسرائیل سے فنڈنگ اور بی آر ٹی میں اربوں کے ڈاکے پر شیلٹر دینے کیلئے عدالتوں کے دروازے کھل جاتے ہیں، جس لیڈر نے مزدور اور کسان کو آواز دی، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اسکا عدالتی قتل کیا۔