اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما و وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عدالتوں میں اس وقت سیاست آ گئی ہے، کچھ ججز کے نام تاریخ میں کالے حروف سے لکھے گئے اور کچھ کے لکھے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملکی جمہور کے لیے ایک سیاہ دن ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، تاریخ بتاتی ہے جب عدالتی قتل ہوتا ہے تو قومیں اس سے پھر کبھی نہیں نکلتیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ آج 4 اپریل کو ایک پارلیمان کے حقوق پر شب خون مارا گیا، 12 سال سے صدر زرداری نے جو ریفرنس ڈالا تھا کیا تھا کہ وہ سرد خانے میں ہے، جو قومیں تاریخ سے سبق نہیں سیکھتیں وہ کبھی اس سے پھر باہر نہیں نکلتیں۔
انہوں نے کہا کہ اب سوال یہ ہے کہ مقننہ ہم ہیں تو ملک کون چلا رہا ہے، شہید بینظیر بھٹو کی شہادت کے وقت شواہد مٹا دیے گئے، تب سوموٹو کیوں نہیں لیا، شہید بی بی کی شہادت پر ہم بھی پورے ملک کو بند کر سکتے لیکن ہم نے نہیں کیا۔
شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان پہلے کی بات کی، انتشار نہیں پھیلایا، جو پاکستان میں ہو رہا ہے یہ طاقت کا کھیل ہے، زور اور جبر سے ہونے والے فیصلوں کی بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔