اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے قتل میں جو کردار ہمارے نظام عدل نے ادا کیا اس پر سر شرم سے جھک جاتا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 44ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کی جرات، قربانیوں اور ملک وقوم کیلئے خدمات کو خراج پیش کرتی ہوں، 73 کے متفقہ آئین، جوہری طاقت اور جمہوریت کے خالق قائد عوام کو ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
شیری رحمان نے کہا کہ انہوں نے عوام اور پارلیمنٹ کو طاقت اور فیصلہ سازی کا مرکز بنایا، قائد عوام کو عدالتی قتل کے ذریعے ہم سے چھینا گیا، وہ تاریک ترین فیصلہ ہماری عدلیہ کی تاریخ میں ایک سیاہ ترین داغ ہے جو آج تک قائم ہے، ایک منظم منصوبے کے ذریعے قائد عوام کے خلاف فیصلہ دیا گیا۔
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) April 4, 2023
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل میں انصاف کیلئے 2011ء میں ایک ریفرنس دائر کیا تھا، گزشتہ 12 سال سے وہ ریفرنس اعلیٰ عدالت میں فائلوں تلے دبا ہوا ہے، گزشتہ 44 سالوں سے بھٹو خاندان، پیپلز پارٹی اور قوم اپنے قائد عوام کے عدالتی قتل کیس میں انصاف کے منتظر ہیں۔