لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو عمران خان سے خوف ہے، ڈرو نہیں عمران خان بڑے دل کا آدمی ہے معافی دلوا دیں گے۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ججز کو آڈیو، ویڈیو لیک کرنے کی دھمکیاں دی گئیں، پاکستان کے فیصلے بند کمروں میں نہیں عوام کریں گے، پاکستان کے فیصلے لندن نہیں ملک کی سڑکوں پر ہوں گے، ملک میں کوئی شخص آئین سے بالاتر نہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ پاکستان کسی کی دھمکی سے نہیں آئین کے مطابق چلے گا، پاکستان کے فیصلے کرنے کا حق صرف عوام کو ہے، تحریک انصاف کے خلاف ہر قسم کا ظلم کیا گیا، کپتان جھکا نا کپتان کی ٹیم جھکی، یہ قوم اب پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے، ابھی بھی وقت ہے ہوش کے ناخن لو۔
انہوں نے کہا کابینہ کی دھمکیوں کے باوجود الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کا کہا ہے، پی ڈی ایم کی پریشانی یہ ہے ان کے ووٹرز بھاگ گئے ہیں، آخری سانس تک کپتان لڑے گا اور جیت کر دکھائے گا، ہم سب نے اپنے کپتان کا ساتھ دینا ہے، انشاء اللہ کامیابی ہماری ہوگی۔