لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جھوٹے پرچوں اور قائدین کی گرفتاریوں سے پی ٹی آئی کو کچلنا لندن پلان کا حصہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج قائم کئے گئے 144 ویں مقدمے کی صورت میں میرے خلاف بغاوت کے مقدمات کا اندراج اور ہمارے سینئر رہنما علی امین گنڈاپور پر جھوٹے پرچوں اور انکی گرفتاری کا سیدھا سادھا مقصد ہماری جماعت کی انتخابات میں حصہ لینے کی صلاحیت تباہ کرنا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ سب اسی لندن پلان کا حصہ ہے جس کے تحت نواز شریف کو ضمانت دی گئی کہ انتخابات سے قبل جعلی پرچوں کی بھرمار اور قائدین کی گرفتاریوں کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کو کچل دیا جائے گا۔
— Musa Virk (@MusaNV18) April 7, 2023
عمران خان نے کہا کہ اقتدار پر قابض ان خطرناک مسخروں کو تو احساس تک نہیں کہ ملک کے سابق وزیراعظم کیخلاف جعلی مقدمات کے اندراج اور "ڈرٹی ہیری" اور "سائیکو پیتھ" کی اصطلاحات کے استعمال پر بغاوت کے الزامات کے ذریعے یہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو کس بُرے طریقے سے مسخ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک مذاق بنا رہے ہیں، اسی طرح حکومت کی جانب سےعدالتِ عظمیٰ کے فیصلوں کو تسلیم نہ کر کے یہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کیا پیغام بھجوا رہے ہیں؟
— Musa Virk (@MusaNV18) April 7, 2023
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سرمایہ کار معاہدوں کا تحفظ چاہتے ہیں جس کا واضح مطلب عدالتی نظام پر اعتماد ہے، ایسے میں جب حکومت خود سپریم کورٹ کےاحکامات کی دھجیاں اڑانے پر بضد ہو، سرمایہ کار ملک کے عدالتی نظام پر کیسے اعتماد کرسکتے ہیں! ایک بنانا ریپبلک میں یہی سب کچھ ہوتا ہے۔
قبل ازیں عمران خان نے افطار کے موقع پر کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ایک لیڈر میں دو خوبیاں ہوتی ہیں ایک سچا انسان اور دوسرا انصاف کرنے والا، کوئی بھی لیڈر عزت نہیں کما سکتا جب تک وہ سچا نہ ہو اور انصاف کرنے والا نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس اطہر من اللہ نے بھی 90 دن کے اندر الیکشن کے اصول کو تسلیم کیا ہے، فواد چودھری
عمران خان نے کہا کہ سچ بولنے کے لیے آپ کو دلیر ہونا پڑتا ہے، جھوٹ بولنے سے آپ دنیا کو کمزور کرتے ہیں، سچ بولنا آسان کام نہیں ہے سچ بولنا آپ کو طاقتور کردیتا ہے، اللہ تعالیٰ کو سچ بولنے والا انسان سب سے زیادہ پسند ہے۔