گیس اور سٹریٹ کرائم پر بیان دینے پر لوگ مجھ پر تنقید کرتے ہیں: گورنر سندھ

Published On 09 April,2023 10:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا گیس کی جاری شدید لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کہنا ہے کہ بڑے سپلائرز کہہ رہے ہیں کہ گیس موجود ہے، ہم دے سکتے ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سحری کے وقت کھارادر پہنچے، اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سچی بات ہے کہ شہر میں کوئی کچھ نہیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس اور سٹریٹ کرائم پر بیان دینے پر لوگ مجھ پر تنقید کرتے ہیں، تاہم میں ہر اس چیز پر بیان دوں گا جس سے لوگوں کو حق نہیں مل رہا ہے، میں نے یہ بھی کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس صوبے اور شہر کے لوگوں کا کاروبار چلے۔

وہ سحری میں نمائش چورنگی بھی پہنچے جہاں انہوں نے جے ڈی سی کی عوامی سحری میں موجود نابینا شخص محمد ابراہیم کو پلاٹ کا تحفہ بھی دیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وہاں موجود لوگوں کو افطار پر گورنر ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی۔