اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس میں تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کی راہ داریوں میں ایس ایم ڈیز نصب کر دی گئیں، صدر دروازے پر 1973 کے آئین کی منظوری کی تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، اس خاص موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز کے سامنے آئین کی یادگار کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا، سپیکر قومی اسمبلی کل اس کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور ساتھ ہی اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف جمہوریت کے گمنام ہیروز کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائیں گے، اس کے علاوہ سپیکر دیگر اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کے صدر دروازے پر تصویری نمائش کا افتتاح بھی کریں گے، راجہ پرویز اشرف قومی اسمبلی ہال کے باہر آئین پاکستان کے مسودے کا تقابلی جائزہ بھی لیں گے۔