کراچی: (دنیا نیوز) کیماڑی میں زہریلے مادے کے اخراج سے ہلاکتوں کے بعد فیکٹریوں کی سیل توڑنے پر 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کی گئی فیکٹریوں اور گودام کی سیل توڑے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر پولیس نے گزشتہ رات مقدمہ درج کر کے چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ فیکٹریوں اور گوداموں کے زہریلا مادے کے اخراج سے علاقے میں کئی افراد کی موت واقع ہوئی، اسسٹنٹ کمشنر ماڑی پور کی جانب سے 11 فروری کو علاقے کی فیکٹریاں اور گودام تا حکم ثانی سیل کیے گئے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق اعلیٰ حکام کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر چیکنگ کیلئے آئے تھے اس دوران معلوم ہوا کہ تین فیکٹریاں اور ایک گودام کی سیل توڑ دی گئی ہے اور اندر کام ہو رہا ہے، فیکٹری اور گودام میں موجود افراد کو باہر نکال کر دوبارہ سیل کرنے کے دوران مذکورہ افراد نے سرکاری کام میں مداخلت کی، مداخلت کے باعث پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر چھ افراد کو گرفتار کر لیا۔