ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کراچی میں مردم شماری پر تشویش کا اظہار

Published On 09 April,2023 10:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مصطفیٰ کمال سمیت دیگر اراکین رابطہ کمیٹی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی، سکیورٹی کی صورتحال اور مردم شماری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر رابطہ کمیٹی کی جانب سے مردم شماری کے شمار کنندہ کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے خلاف ایک پھر سازش کی بو آ رہی ہے: ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شمار کنندہ ابھی تک متعدد علاقوں میں پہنچ نہیں سکے ہیں، گھروں میں موجود افراد کی تعداد کو پورا نہیں لکھ رہے، کثیر المنزلہ عمارتوں میں بھی نہیں جا رہے، کراچی کا ایک بڑا حصہ ہائی رائز بلڈنگز پر مشتمل ہے۔

رابطہ کمیٹی ارکان نے مزید کہا کہ اندیشہ ہے کہ 70 سے 80 لاکھ کی آبادی گننے سے رہ جائے گی، اجلاس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی اور مستقبل کا لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔