کراچی کے خلاف ایک پھر سازش کی بو آ رہی ہے: ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

Published On 09 April,2023 09:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایک بار پھر کراچی کے خلاف سازش کی بو آ رہی ہے، عملے کی کمی اور وسائل نہ ہونے کے باعث کم گنا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کو کم دکھانے کیلئے قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے، 1970 کے بعد ہر بار ان میں شہری سندھ کی آبادی کو کم دکھایا جا رہا ہے، ثابت ہوگیا کہ آبادی کتنی ہے، ہم کئی بار کہہ چکے ہیں کہ اس شہر سے مذاکرات کیجئے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس ملک کو اگر کوئی بچا سکتا ہے تو وہ کراچی ہے، آپ آئی ایم ایف کی طرف دیکھ رہے ہیں، پورے ملک کو کوئی ٹیکس دے رہا ہے تو وہ کراچی کے حقیقی باشندے ہیں، ہم نے وقت سے پہلے مردم شماری کروانے کیلئے حکومتوں پر دباؤ ڈالا، میں کراچی کی ماؤں بہنوں بیٹیوں بیٹوں سے کہتا ہوں کہ آپ اپنے آپ کو لازمی گنوائیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے آپ کو نہ گننے کیلئے حیلے بہانے کر رہے ہیں، اگر کسی کو نہیں گنا جا رہا تو آپ متعلقہ ادارے یا بہادر آباد آفس کو بتائیں، ہم لسٹیں بنا کر ادارہ شماریات اور حکومت کے حوالے کریں گے، آپ ہمیں درست گن لیں اس سے پہلے کہ الٹی گنتی شروع ہو جائے۔