کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کچھ بھی کر لے کراچی کا مئیر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔
عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 18 اپریل کو ضمنی انتخابات ہونے والا ہے، 15 جنوری کو جماعت اسلامی شہر بھر میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، اہلیان بہار کالونی 15 جنوری کی طرح 18 اپریل کو بھرپور تعداد میں ووٹ ڈالنے نکلیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی چاہتی کے کہ ضمنی انتخابات کے بغیر ہی مئیر کا انتخاب کر لیا جائے، پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی نشستوں پر قبضہ کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی چھینی گئیں نشستوں کو ہر صورت حاصل کرے گی، عبد الستار افغانی شہر کی تعمیر اور ترقی کی علامت تھے، حکومتیں اور پارٹیاں کے الیکٹرک مافیا کی سرپرستی کر رہی ہیں، جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جس نے کے الیکٹرک کے خلاف زبردست تحریک چلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی شہریوں کو کے الیکٹرک سے ریلیف فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہی ہے، جب کراچی میں جماعت اسلامی کا مئیر آئے گا تو کراچی کے تمام سکولوں کو آئی ٹی سکول بنائیں گے، پیپلز پارٹی بہار کالونی یوسی 2 سے شکست کھا چکی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ماضی کے تجربے سے جماعت اسلامی اپنے ووٹ کا تحفظ کرے گی اور فارم 11 اور 12 کے حصول تک پولنگ سٹیشنز نہیں چھوڑیں گے، کچی برادری، میمن برادری اور تمام برادریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے ترازو پر مہر لگائیں۔