لاہور : بھارتی سکھ پارٹی کی جانب سے گوردوارے کیلئے سنگ مرمر کا تحفہ

Published On 10 April,2023 03:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک ) بھارت سے لاکھوں روپے مالیت کا نایاب سنگ مرمر پاکستان لایا گیا ہے جو لاہورمیں گوردوارہ ڈیرہ صاحب کی تزئین وآرائش میں استعمال کیاجائیگا۔

گوردوارہ صاحب کی کارسیوا(تعمیر وتوسیع) کرنیوالی سکھ پارٹی نے یہ پتھر تحفے کے طور پر پاکستان بھیجا ہے، یہ وہی سنگ مرمر ہے جو امرتسر بھارت میں سکھوں کے سب سے مقدس استھان گولڈن ٹمپل میں استعمال کیا گیا ہے۔

سفید سنگ مرمر کے 480 مختلف سائز کے پتھر ہیں جن کو سائز کے مطابق کاٹ کر سکھ مذہب کے رسم ورواج کے مطابق ان پر نقش ونگار بنائے گئے اور گورمکھی میں گورونانک دیو کے اقوال کنندہ کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بیساکھی کے تہوار میں شرکت کیلئے بھارت سے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

بھارت سے پتھرکے تحفہ ملنے کے بعد امید ہے کہ گوردوارہ ڈیرہ صاحب کی تزئین و آرائش کا کام جو کہ بھارت سے آئے  باباگورمیت سنگھ اور دیگر کاریگر کررہے ہیں ، جلد مکمل کرلیا جائے گا ، متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھی اس میں خطیر رقم خرچ کی ہے۔

دوسری جانب بھارت سے سکھ یاتری پنجاب کے مختلف گوردواروں میں بیساکھی تہوار کی تقریبات میں شرکت کے لیے اتوار کو لاہور پہنچے ہیں ، وہ آج گردوارہ سچا سودا (فاروق آباد) کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جہاں وہ آج ہی سڑک کے ذریعے ننکانہ صاحب واپس آئیں گے۔