یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر ملک کے مختلف شہروں میں جلوس

Published On 12 April,2023 08:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں آج مجالس عزاء برپا ہوں گی اور ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

شرکاء کو صرف واک تھرو گیٹس کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی اور راستوں پر کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔

لاہور

لاہور میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس صبح مبارک حویلی اکبری منڈی سے برآمد ہوا، جلوس مقررہ راستوں پررواں دواں ہے، مرکزی جلوس کو جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا، پولیس کی بھاری نفری حفاظتی انتظامات پرموجود ہے، جلوس کے شرکاء کی جانب سے چوک رنگ محل میں نمازظہرین ادا کی گئی، عزاداران کی سہولت کے لیے 8 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں جبکہ مقررہ راستوں پر ٹریفک بند ہے۔

کراچی

یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

کراچی میں ماتمی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقرہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس نشتر پارک سے ہوتے ہوئے سر شاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جیمز روڈ، ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ سٹریٹ، ریگل چوک، پریڈی سٹریٹ، ایم اے جناح روڈ دوبارہ، بولٹن مارکیٹ، بھاٹی بازار، کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈز اور انکلسریا چوک سے نشتر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ جانے والے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچنے کے لئے لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور پھر گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

لیاقت آباد سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو تین ہٹی چوک سے جیل روڈ اور مارٹن روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ سٹیڈیم روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ سے آنے کی اجازت ہوگی، یہ گاڑیاں شاہراہ قائدین سے شاہراہ فیصل تک دادا بھائی نورجی روڈ، کشمیر روڈ اور سوسائٹی لائٹ سگنل سے جا سکتی ہیں۔

گلبرگ سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی طرف موڑ دیا جائے گا، اس سے پہلے حبیب بینک فلائی اوور، سٹیٹ ایونیو روڈ اور شیرشاہ سے ماڑی پور کی طرف روانہ کیا جائے گا۔

جلوس کے روٹ پر گرومندر چوک سے کسی قسم کی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر ماتمی جلوس امام بارگاہ موہن پورہ وقار زیدی سے نکالا گیا، جلوس موہن پورہ، ناولٹی سینما چوک، کشمیری بازار، فوارہ چوک، اقبال روڈ اور بوہڑ بازار چوک سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول پر اختتام پذیر ہوا۔

اسلام آباد

 اسلام آباد میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہو کر امام بارگاہ سیکٹر جی 6 ٹو میں ختم ہوا۔

کوئٹہ، پشاور

پشاور میں یوم علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس کوچی بازار سے برآمد ہوکر سحری کے وقت ختم ہوا جبکہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں بھی جلوس نکالا گیا۔
 

یوم علیؓ : ڈی جی رینجرز کا سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر مرکزی جلوس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈی جی رینجرز کو علاقہ سیکٹرز کمانڈرز کی جانب سے امام بار گاہوں اور جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے بارے میں مکمل بر یفنگ دی گئی، مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔