لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ستوکتلہ میں ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران ملزمان 30 لاکھ مالیت کا سونا، غیر ملکی کرنسی ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ڈویژن میں خاتون کی سربراہی میں متحرک ڈکیت گینگ نے این ایف سی سوسائٹی کے اندر ایک گھر میں ڈکیتی کی بڑی واردات کی ، تین مسلح ڈاکو خاتون کی سربراہی میں گھر میں داخل ہو ئے اور گھر کے مالک اور دیگر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 30 لاکھ مالیت کا سونا، غیر ملکی کرنسی ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ شہری غلام حیدر نے تھانہ ستوکتلہ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
دوسری جانب ایس پی صدر وقار عظیم کا کہنا ہے کہ ڈکیت گینگ کی گرفتاری کی کوشش شروع کر دی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی روشنی میں ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کر لیں گے۔