لاہور: چوہنگ میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

Published On 07 April,2023 05:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چوہنگ چوکی شیر شاہ کے علاقہ میں پولیس مقابلہ دو ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ چوہنگ میں 4 موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں کا پولیس سے آمنا سامنا ہو گیا، پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر ملزمان نے اہلکاروں پو سیدھی فائرنگ کردی۔

پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، مقابلے میں دوران دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی اہلکاروں میں کانسٹیبل احسان اور عرفان شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے بعد فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایس پی صدر وقار کھرل نے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے جوانمردی کے ساتھ ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا، ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت عمل میں لائی جارہی ہے ۔