کراچی میں انٹرنیشنل ڈرگ مافیا کے 4 کارندے گرفتار

Published On 07 April,2023 10:19 am

کراچی: (دنیا نیوز ) اے وی سی سی کے عملے نے کلفٹن کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورک سےمنسلک چار ملزمان کوگرفتار کرلیا ۔

اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کی ٹیم نے تھانہ کلفٹن کی حدود نیلم کالونی میں سپیشل برانچ کے ہمراہ آپریشن کرتے ہوئے منشیات کی بین الاقوامی سمگلنگ میں ملوث چار  ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ایس ایس پی اے وی سی سی عبدالرحیم شیرازی کے مطابق گرفتار ملزمان میں ریاض، ضیغم، اعظم اور عمر شہزاد شامل ہیں، گرو ہ کا ماسٹر مائنڈ شہزاد ملائیشیا میں ڈرگ کا دھندا کرتا ہے، ملزم کچھ عرصہ پہلے ملائیشیا میں گرفتار ہوا تھا۔

گروہ مسافروں کو فی کیپسول 15 گرام ہیروئن ڈال کر دیتا ہے، کیپسولز کو ملک سے باہر سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، تقریباً ایک کلو فائن گریڈ کی ہیروئن 78 کیپسولوں میں ڈالی گئی تھی۔

ایس ایس پی اے وی سی سی کاکہنا تھا کہ پکڑی گئی ہیروئن کی مالیت پانچ ملین ڈالر کے قریب ہے، کارروائی کے دوران کیپسول بنانے کے اوزار اور دستاویزات بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔