کچا کھوہ کے علاقے 32 دس آر میں خاندانی دشمنی پر 2 بھائی قتل

Published On 08 April,2023 03:00 am

خانیوال : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے ضلع خانیوال میں خاندانی دشمنی پر ملزمان نے فائرنگ کر کے دو بھائیوں کو قتل کر دیا۔

خانیوال پولیس کے مطابق تھانہ کچاکھوہ کے علاقے 32 دس آر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ملزمان نے دیرینہ دشمنی پر دو حقیقی بھائیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ قتل ہونے والے دونوں بھائی 30 دس آر کے رہائشی تھے اور مقتولین کی شناخت اورنگزیب عرف زیبا اور پرویز کے نام سے ہوئی جبکہ مقتول اور قاتل دونوں کا تعلق نیازی خاندان سے ہے۔

حکام کے مطابق دونوں خاندانوں کی پرانی دشمنی چلی آرہی تھی ، ملزمان نے اپنے گاؤں آئے ہوئے دونوں بھائیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او ) رانا عمر فاروق نے بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک اور شواہد اکھٹے کر کے لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ( ڈی ایچ کیو ) ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔

ڈی پی او نے بتایا کہ قاتلوں کی جلد گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم بھی  تشکیل دے دی ہے۔