لاہور: (دنیا نیوز) تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود چونگی امرسدھو بازار میں پراپرٹی کے تنازعے پر دو افراد کو قتل کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول محمد سخاوت کی چونگی امرسدھو بازار میں سلنڈر کی دکان تھی ، سخاوت کا اپنے بھائی نذیر حسین سے پراپرٹی کا تنازعہ چل رہا تھا، محمد سخاوت اور بلال دکان پر بیٹھے ہوئے تھے کہ دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے آکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے دونوں افراد موقع پر دم توڑ گئے، دونوں افراد کو پراپرٹی کے معاملے پر قتل کیا گیا، پولیس نے نعشوں کو جنرل ہسپتال منتقل کردیا ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور پولیس ٹیم کو واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کے احکامات جاری کردیے۔