عدالتی اصلاحات بل: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

Published On 10 April,2023 10:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کی طرف سے واپس بھیجے گئے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی منظوری متوقع ہے۔

عدالتی اصلاحات کا بل منظوری کے بعد دوبارہ صدر مملکت کو دستخط کیلئے بھیجا جائے گا، عارف علوی نے 10 روز میں دستخط نہ کئے تو یہ ازخود قانون بن کر لاگو ہو جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر مشاورت ہوگی۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کو پنجاب میں الیکشن کے لئے رقم دینے سے متعلق وفاقی کابینہ کا ایک اور اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

 

Advertisement