قصور: (ویب ڈیسک ) پنجاب کے ضلع قصور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔
ڈسٹرکٹ پولیس قصورکے مطابق شہری نے 15پر پولیس کو اطلاع دی کہ 2 ڈاکو غریب محنت کش سے تھانہ صدر قصور کے علاقہ دیپالپور روڈ پر لوڈر رکشہ اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے ہیں جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بائی پاس کھڈیاں روڈ پر ناکہ بندی کردی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کردی ، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جس کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔
زخمی ڈاکو کی شناخت عدیل سکنہ کھڈیاں کے نام سے ہوئی ہے اور اس سے چھینا گیا موٹرسائیکل رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔
پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس قصورکے مطابق فرار ہونے والے ڈاکو کی بھی شناخت کرلی گئی ہے جس کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔