کراچی: (دنیا نیوز) ایم نائن موٹروے میگا کرپشن سکینڈل کی تحقیقات میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، کرپشن سکینڈل میں ملوث عاشق کلیری نے اربوں روپے کی بے نامی جائیدادیں خرید لیں۔
نیب تحقیقات کے دوران سامنے آنی والی چیزوں سے پتا چلا ہے کہ موٹروے کرپشن کی غبن شدہ رقم سے جائیدادیں خریدی گئیں، سکینڈل کے مرکزی ملزم عاشق کلیری نے بیوی بہو کے نام پر 4 جائیدادیں بنائیں، ملزم نے غبن کی رقم سے کراچی، جامشورو، حیدر آباد، بہاولنگر میں رہائشی پلاٹس و بنگلے، زرعی رقبہ خریدا۔
تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ عاشق کلیری کے پاس 3 بیش قیمت گاڑیاں ہیں، عاشق کلیری پیپلز پارٹی رہنما کا قریبی ساتھی ہے، نیب نے عاشق کلیری و اہلخانہ کے نام پر موجود اثاثے بھی منجمد کر دیئے، عاشق کلیری کے منجمد اثاثوں پر شہریوں سے اعتراضات بھی طلب کر لیے گئے۔