اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس عمرعطا بندیال سمیت سپریم کورٹ کے8 ججزکیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا گیا۔
چیف جسٹس سمیت 8 ججز کے خلاف ریفرنس میاں داؤد ایڈووکیٹ نے دائر کیا جس میں آئین کے آرٹیکل209 اورججزکوڈ آف کنڈکٹ کی دفعہ 3 تا 6 اور9 کوبنیاد بنایا گیا ہے۔
ریفرنس میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے علاوہ جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید کے نام شامل ہیں۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کے منظورکردہ بل کو سماعت کے لیے مقرر کرکے اختیارات سے تجاوز کیا گیا، پارلیمنٹ کے بل کی سماعت کے لیے 8 رکنی غیرآئینی بنچ تشکیل دیا گیا۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل کیخلاف حکم امتناع عدالتی نظائر کی خلاف ورزی ہے۔
ججزکے خلاف ریفرنس کی کاپی جسٹس فائز عیسیٰ، جسٹس طارق مسعود، جسٹس منصور کو بھجوائی گئی ہے جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو بھی ریفرنس کی کاپی بھجوائی گئی ہے۔