اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب انتخابات کے لیے فنڈز فراہمی کیس میں سپریم کورٹ نے سٹیٹ بینک کو 21 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے اِن چیمبر سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔
حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک کے مطابق 21 ارب روپے سوموار تک فراہم کئے جا سکتے ہیں، سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کے مختلف اکاؤنٹس میں 1 کھرب 40 ارب سے زیادہ فنڈز موجود ہیں۔
سپریم کورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک پیر تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے جاری کرے ، منگل کو الیکشن کمیشن عدالت عظمیٰ میں رپورٹ پیش کرے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ 18 اپریل تک فنڈز فراہمی کے حکم پر عملدرآمد رپورٹ پیش کریں، سپریم کورٹ کا تحریری حکمنامہ 9 صفحات پر مشتمل ہے۔