نئے وزیر اعظم کا انتخاب: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج پھر ہوگا

Published On 15 April,2023 09:02 am

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج پھر ہوگا، اجلاس میں نئے وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔

حکمران جماعت کے 3 دھڑوں کی جانب سے 5 امیدوار میدان میں ہیں، پی ٹی آئی نے چودھری رشید کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چودھری یاسین کو نامزد کیا گیا ہے۔

وزارت عظمیٰ کی کرسی سنبھالنے کے لئے27 ووٹ درکار ہیں، 52 ارکان کے ایوان میں حکمران اتحاد کو 32 اور متحدہ اپوزیشن کو 20 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں اختلاف اور دھڑے بندی شروع ہو گئی ہے جبکہ نئے وزیراعظم کے امیدوار کی نامزدگی کے حوالے سے عمران خان کے فیصلے کو قبول کرنے کے دعویدار اپنے وعدے سے مکر گئے ہیں۔

پرویز خٹک اور اسد قیصر نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو آگاہ کردیا، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی میں اختلاف کے باعث گزشتہ 2 روز سے کورم بھی پورا نہیں ہو سکا۔

سپیکر اسمبلی چودھری انوار الحق کو دو بار اجلاس ملتوی کرنا پڑا، اجلاس نہ ہونے سے سپیکر نئے قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول بھی جاری نہ کر سکے۔

واضح رہے کہ 11 اپریل کو وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں ہائی کورٹ نے نااہل قرار دے دیا تھا۔ 

Advertisement