کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں روکے گئے چند یونین کمیٹیوں کے نتائج جاری کردئیے گئے۔
کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 235 نشستوں میں سے 228 کے نتائج مکمل ہوگئے ہیں جس کے بعد پیپلز پارٹی کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کی مزید نشستیں مل گئی ہیں، انتخابی نتیجے کے مطابق سندھ کی حکمران جماعت 92 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔
بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 80 نشستوں کے ساتھ جماعت اسلامی دوسری بڑی جماعت بن گئی جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 44، مسلم لیگ (ن) کی 7، جے یو آئی 3، ٹی ایل پی ایک اور آزاد امیدوار نے بھی ایک نشست حاصل کی ہے۔
کورنگی ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے احمد رضا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ تحریک لبیک کے امیدوار صدر ٹاؤن یوسی 7 سے کامیاب ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کو ملیر، ابراہیم حیدری اور اورنگی ٹاؤن سے 3 یوسیز پر کامیابی مل گئی جبکہ مسلم لیگ (ن) نے کورنگی اور شاہ فیصل ٹاؤن سے 2 نشستیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں اب بھی کچھ یونین کمیٹیوں کے نتائج روکے ہوئے ہیں۔