وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق

Published On 15 April,2023 10:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

وفاقی وزیر مولانا عبدالشکور میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے کہ ہائی لکس ریوو جس میں پانچ آدمی سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے، انہیں طبی امداد کیلئے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو جب ہسپتال لایا گیا تو موت واقع ہو چکی تھی، وفاقی وزیر کی میت پولی کلینک ہسپتال میں موجود رہی، ضروری قانونی کارروائی اور میڈیکل کے بعد میت کو ورثا کے حوالے کیا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب پولی کلینک ہسپتال پہنچیں۔

حادثے کے نتیجے میں وفاقی وزیر مولانا عبدالشکور کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، دوسری گاڑی میں سوار 5 میں سے 2 افراد کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

واضح رہے مولانا عبدالشکور کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے تھا، وہ این اے 51 سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے، پی ڈی ایم اتحاد کی حکومت بننے کے بعد مولانا عبدالشکور کو وفاقی وزیر مذہبی امور بنایا گیا تھا، چند روز قبل ہی انہوں نے اسحاق ڈار کے ساتھ حج پالیسی کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر مولانا عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا عبدالشکور کی اچانک موت سے دل بہت دکھی ہے، انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور ان کی فیملی کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے کہا مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے، وہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے متحرک اور نظریاتی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے، مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے بھی وفاقی وزیر مولانا عبدالشکور کی ٹریفک حادثہ میں وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے، وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی، سینیٹر عرفان صدیقی، آفتاب شیرپاؤ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی مولانا عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔