اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز کی سماعت ہوئی تاہم تینوں ملزمان میں سے کوئی بھی پیش نہ ہوا، وکلاء کی استدعا پر سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن میں اسد عمر کے وکیل انور منصور نے بتایا کہ عمران خان نے آج 8 کیسز میں پیش ہونا ہے، اس لئے یہاں نہیں آسکتے، ممبر کے پی اکرام اللہ نے کہا لگتا ہے الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا نمبر ہی نہیں آئے گا، کیس بہت عرصے سے التواء کا شکار ہے، اگر اب بھی آپ نے جواب نہ جمع کروایا تو ہم حکم جاری کریں گے۔
وکیل نے آئندہ ماہ کی کوئی تاریخ دینے کی استدعا کی تو کمیشن نے سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔
چیف الیکشن کمشنر نے فواد چودھری کے پیش نہ ہونے کی وجہ پوچھی تو وکیل انور منصور نے بتایا کہ فواد چودھری آج 8 کیسز میں مختلف عدالتوں میں پیش ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے اس پر ریلیف نہیں مل سکتا کہ فواد چودھری نے عمران خان کے ساتھ جانا ہے، انہیں پیش تو ہونا پڑے گا۔