لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی کفالت کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کی کاوشیں اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے یو ایم ٹی کے تعاون سے 2 ہزار یتیم بچوں، بیوہ خواتین اور اولڈ ایج ہومز میں رہنے والے بزرگ افراد کے لیے گرینڈ افطار اورعید تحائف تقسیم کا اہتمام کیا، تقریب میں یتیم بچوں کے لئے جمپنگ کیسل، فیس پینٹنگ، میجک شو اور بچیوں کے لئے مہندی کے سٹال کا خاص اہتمام کیا گیا تھا جبکہ یتیم بچوں اور معمر افراد میں عیدی، کپڑے اور دیگر تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
تقریب کا مقصد یتیم بچوں اور بے گھر بزرگوں کو درپیش مسائل اور اجتماعی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا اور رمضان اور عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کرنا تھا، اس حوالے سے یو ایم ٹی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد، الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، لاہور کے صدر انجینئر احمد حماد، نائب صدر چودھری محمد سلیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مغیث قریشی اور والنٹیز ہیڈ سنان اکبر سمیت یوتھ سوسائٹیز کے نمائندگان، یتیم بچوں، اُن کی باہمت ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بزرگوں سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی کے فرائض سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے سر انجام دیے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ یتیم بچے اور یہ بے گھر بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا توجہ طلب طبقہ ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے اِن کےلیے کی جانے والی کاوشیں اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس نیک مقصد کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر مل کر معاشرے کے اس نادار اور مستحق طبقے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پڑھیں اور آگے بڑھیں اور اپنے کردار اور ہنر سے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 22 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے اور رمضان میں افطار کے ساتھ ساتھ عید کی خریداری کے حوالے سے اِن بچوں کے لیے تقاریب منعقد ہو رہی ہیں۔
ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ رمضان اور عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کرنا یتیم بچوں اور بے سہارا معمر افراد کا بھی حق ہے، اسی احساس کے ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار ہر سال کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کے ساتھ مل کر یتیم بچوں، اُن کی ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بے گھر خواتین و حضرات کے لیے افطار اور عید تحائف کا اہتمام کرتے ہیں۔
عید کے تحائف کا اہتمام الخدمت کے رضاکار کرتے ہیں اور بچوں کے لیے ایسا خوبصورت میلہ لگاتے ہیں تاکہ انہیں بھی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ الخدمت میں ہم ان یتیم بچوں کو با ہمت بچے اور ان کی بیوہ ماؤں کو باہمت مائیں کہتے ہیں اور یہی پیغام دوسروں کو بھی دینا چاہتے ہیں۔