پاکستان ایران کے ساتھ باہمی و دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سردارایاز صادق

Published On 18 April,2023 09:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور سردارایاز صادق نے کہاہے کہ ایران پاکستان کا اہم پڑوسی ملک ہے اورپاکستان ایران کے ساتھ باہمی و دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان میں ایران کے سبکدوش ہونے والے سفیر سید محمد علی حسینی سے الوداعی ملاقات کی، سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ سفیر کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا اور توانائی، زراعت وبنیادی ڈھانچہ سمیت مختلف شعبوں میں متعدد مشترکہ منصوبے شروع کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو دورہ تہران کی دعوت دے دی

سردارایاز صادق نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو آسان بنانے میں سفیر کے فعال اور موثر کردار کی بھی تعریف کی اور اسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قراردیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے حقیقی امکانات اور استعداد سے استفادہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران حج سیزن سے قبل ریاض میں اپنا سفارت خانہ کھول لے گا، ایرانی حکام

سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر نے پاکستان میں قیام کے دوران گرمجوشی اور حمایت پر تشکر کا اظہار کیا، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنیوالے سفیر اسی مثبت رفتار کو جاری رکھیں گے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ پاک ایران اقتصادی تعلقات کی تاریخ میں پہلی بار دو طرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، سفیر نے پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 21 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزارت اقتصادی امور کی کوششوں کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: مظلوم لوگ ہی مستقبل قریب میں دنیا کے حکمران ہوں گے: ایرانی قونصل جنرل

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان نقل و حمل، کسٹم اور تجارت کے حوالے سے دوطرفہ مذاکرات بہت جلد کسی نتیجے پر پہنچیں گے، ایران متعدد منصوبوں جن میں بجلی کی ترسیل کے منصوبے، ٹرائل رن بارڈر مارکیٹ اور دیگر منصوبے شامل ہیں، کا افتتاح کر رہا ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ فی الحال ایران پاکستان کو 144 میگاواٹ بجلی برآمد کر رہا ہے، بجلی کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوگا، ایران پاکستان کو 500 میگاواٹ بجلی برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔